گھر میں چوری کی کوشش ناکام، نیند کے باعث چور پکڑا گیا

Published On 24 November,2023 08:41 am

بیجنگ: (ویب ڈیسک) چین میں چوری کی کوشش ناکام ہوگئی، سونے کی وجہ سے چور پکڑا گیا۔

غیرملکی خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق چور یانگ رات گئے گھر میں داخل ہوا تاہم اس دوران اسے نیند آگئی اور وہ سو گیا۔

گزشتہ دنوں آدھی رات کو ایک چور جنوب مغربی چین کے صوبے یونان میں ایک گھر میں گھسا لیکن اندر موجود لوگوں کی بات سن کر وہ گھبرا گیا، چور نے فیصلہ کیا کہ وہ گھر کے لوگوں کے کسی دوسرے کمرے میں سونے جانے تک انتظار کرے گا لیکن اسی اثنا میں وہ خود سگریٹ جلا کر سو گیا۔

گھر کی مالک بچے کے ساتھ سونے کے بعد زور سے خراٹوں کی وجہ سے جاگ گئیں لیکن یہ سوچ کر اسے نظر انداز کر دیا کہ یہ کوئی پڑوسی ہے جب 40 منٹ گزرنے کے بعد وہ بچے کی دودھ کی بوتل صاف کرنے کیلئے اٹھیں تو خراٹے مزید بلند ہوگئے۔

انہیں احساس ہوا کہ گھر میں کوئی موجود ہے جب انہوں نے اجنبی شخص کو سوتے دیکھا تو فوری طور پر گھر والوں کو اطلاع دی اور پولیس سے رابطہ کر کے اسے پکڑوا دیا۔

واضح رہے کہ ملزم یانگ کو 2022 میں چوری کے جرم میں قید کیا گیا تھا اور اس کا مجرمانہ ریکارڈ تھا ستمبر میں رہا ہونے کے بعد اس نے دوبارہ چوری کی تو پکڑا گیا۔