انٹرنیٹ پر’ونڈو شاپنگ‘ کرنے میں امریکی شہری سرفہرست

Published On 21 June,2024 06:10 pm

نیویارک :(ویب ڈیسک) حالیہ ہونے والے سروے میں اس بات کا انکشاف ہواہے کہ امریکی شہری انٹرنیٹ پر سب سے زیادہ ’ونڈو شاپنگ‘ کرتے ہیں۔

’ونڈو شاپنگ‘ یعنی بس گھوم پھر کر بغیر خریداری واپس آنے کے بارے میں تو آپ نے سنا ہو گا، لیکن اب لوگ انٹرنیٹ پر بھی ’ونڈو شاپنگ‘ کرتے ہیں اور کئی گھنٹے چیزیں دیکھنے میں گزار دیتے ہیں۔

سوشل میڈیا صارفین سکرولنگ کرتے کرتے کپڑے، جوتے ہوٹلز اور طرح طرح کی چیزیں دیکھتے ہیں اور انہیں اندازہ بھی نہیں ہوتا کہ وہ اس میں کتنا وقت صرف کر رہے ہیں۔

غیر ملکی میڈیا سے بات کرتے ہوئے 40 سالہ بیت مارٹن کا کہنا تھا کہ کروڑوں کا گھر ہو یا ہزاروں ڈالرز کا کوئی برینڈڈ بیگ، میں یہ تمام چیزیں خریدوں گی تو نہیں لیکن مجھے یہ تمام چیزیں دیکھنا پسند ضرور ہے، یہ میرے لیے ایک قسم کی ڈے ڈریمنگ یعنی دن میں خواب دیکھنا ہے۔

انٹرنیٹ پر ’ونڈو شاپنگ‘ کرنے کے لیے ’ڈریم سکرولنگ‘ کی اصطلاح سامنے آئی ہے، فنانشل سروسز فراہم کرنے والی ایک امریکی کمپنی  امپاور  نے حال ہی میں ’ڈریم سکرولنگ‘ سے متعلق ایک مطالعہ کیا ہے۔

مطالعے میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ امریکی روزانہ لگ بھگ ڈھائی گھنٹے انٹرنیٹ پر ’ونڈو شاپنگ‘ یا ان چیزوں کو دیکھنے میں گزارتے ہیں جنہیں وہ خریدنا چاہتے ہیں، یعنی ایک امریکی سالانہ 873 گھنٹے انٹرنیٹ پر ونڈو شاپنگ میں گزارتا ہے۔

امپاور کمپنی کی کمیونی کیشن ہیڈ ریبیکا رکرٹ کا کہنا ہے کہ یہ لوگوں کے خوابوں کے لیے ایک طرح سے دکان ہے، جہاں وہ گھر، چھٹیاں گزارنے کے لیے مقامات یا ریٹائرمنٹ کے بعد کے لائف اسٹائل کی منظر کشی کر سکتے ہیں۔