روم :(ویب ڈیسک) اطالوی لگژری برانڈ (D&G) نے کتوں کیلئے نیا پرفیوم متعارف کرادیا۔
کمپنی کے فیشن ہاؤس کے شریک بانی ڈومینیکو ڈولس نے پرفیوم کا نام اپنے پالتو کتے فی فی (Fefe) کی غیر متزلزل محبت کے نام پر رکھا ہے۔
بلومبرگ کی رپورٹ کے مطابق بڑھتے ہوئے پالتو جانوروں کی مارکیٹ میں یہ D&G کا پہلا قدم ہے، دوسری جانب رائل سوسائٹی فار دی پریونشن آف کرولٹی ٹو اینیملز (آر ایس پی سی اے) جو ایک برطانوی جانوروں کی فلاح و بہبود کے لیے کام کرتی ہے، اس نے کہا کہ جانور خوشبوؤں سے لطف اندوز نہیں ہو سکتے۔
آر ایس پی سی اے کا مزید کہنا تھا کہ کتے اپنے ماحول کے ساتھ ساتھ لوگوں اور اس کے اندر موجود دیگر جانوروں سے بات چیت اور تعامل کرنے کے لیے اپنی سونگھنے کی حس پر انحصار کرتے ہیں، لہٰذا ہم مشورہ دیتے ہیں کہ پرفیوم یا سپرے جیسی مضبوط خوشبو والی مصنوعات سے گریز کیا جائے۔
علاوہ ازیں آر ایس پی سی اے کے سائنسی افسر نے بھی اس بات پر زور دیا ہے کہ بہت سے سپرے اور خوشبوئیں جانور کیلئے مفید نہیں ہوتیں اور خاص طور پر کتے خوشبو سے خوش ہونے کے بجائے ناگواری کا اظہار کر سکتے ہیں۔
خیال رہے کتوں کیلئے تیار یہ پرفیوم فی الحال D&G ویب سائٹ پر پری آرڈر کے لیے دستیاب ہے اور فیشن ہاؤس کے ٹیگ کے ساتھ ایک خصوصی کتے کے کالر کے ساتھ ڈلیور کیا جارہا ہے۔