روم: (ویب ڈیسک) اٹلی میں ایک شخص گھر میں چوری کی نیت سے داخل ہوا لیکن کتاب پڑھنے میں محو ہو گیا اور پکڑا گیا۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق چوری کا یہ انوکھا واقعہ اٹلی کے دارالحکومت رو م میں پیش آیا جہاں چوری کی نیت سے گھر میں داخل ہونیوالا چور میز پر پڑی کتاب پڑھنے میں مگن ہو گیا۔
میڈیا رپورٹ میں بتایا گیا کہ چور کتاب میں ایسا مصروف ہوا کہ چوری کرنا ہی بھول گیا اور اسی دوران گھر کا مالک نیند سے بیدار ہو گیا اور ایک اجنبی کو اپنے گھر میں کتاب پڑھتے دیکھ کر دنگ رہ گیا۔
مالک کے جاگنے پر چور نے بھاگنے کی کوشش کی تاہم بالکونی سے باہر نکلتے وقت پکڑا گیا۔
مقامی میڈیا کے مطابق 38 سالہ چور جس کتاب کا مطالعہ کر رہا تھا وہ یونان کی تاریخ سے متعلق تھی۔
رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ چوری کی انوکھی واردات کی خبر اخبار میں دیکھ کر کتاب کے مصنف نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ میں ملزم کو کتاب بطور تحفہ بھجوانے کا خواہاں ہوں کیونکہ کتاب کے مطالعے کے دوران ملزم گرفتار ہوگیا، میں چاہتا ہوں کہ وہ اس کا مطالعہ مکمل کرے۔