اتر پردیش: (ویب ڈیسک) بھارت میں شہری نے 2 فٹ چوڑی زمین پر شاندار عمارت تعمیر کر کے سب کو حیران کر دیا۔
فوٹو اور ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر شیئر کی گئی ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ایک گھر جو پہلی نظر میں صرف ڈیڑھ سے دو فٹ چوڑا لگتا ہے لیکن اس کی لمبائی 50 فٹ سے زیادہ ہے، اگر عمارت کو سامنے سے کھڑا ہو کر دیکھا جائے تو یہ عام سی بلڈنگ لگتی ہے۔
تاہم عمارت کی چوڑائی دیکھ کر سب حیران رہ گئے جو صرف 2 فٹ چوڑی ہے۔
اس دلکش نظارے نے بہت سے لوگوں کو یہ سوچنے پر مجبور کر دیا ہے کہ اتنی تنگ عمارت میں اوپر کی منزلیں کیسے ہو سکتی ہیں اور اس جگہ کو کیسے استعمال کیا جاتا ہے۔
گھر کا ڈیزائن جگہ کے روایتی تصورات کو چیلنج کرتا ہے، منفرد نقطہ نظر ناصرف چھوٹی زمین پر گھر کی موثر تعمیر کے امکانات کو اجاگر کرتا ہے بلکہ اس طرح کے فعال جگہوں کو بنانے کیلئے استعمال کئے جانے والے طریقوں پر بھی سوال اٹھاتا ہے۔
وائرل ویڈیو پر سوشل میڈیا صارفین بھی دلچسپ تبصرے کر رہے ہیں۔
ایک صارف نے لکھا کہ ’گھر شروع ہوتے ہی ختم ہوگیا‘ جبکہ ایک اور نے طنزیہ انداز میں کہا کہ پیسے نہ ملنے کی وجہ سے انجینئر گھر آدھا بنا کر بھاگ گیا ہوگا، تیسرے صارف کا کہنا تھا کہ ’دروازہ کھولتے ہی دوسری دنیا میں داخل ہوسکتے ہیں‘۔