وڈودرا: (ویب ڈیسک) بھارت میں طوفانی بارشوں اور سیلاب کے بعد مگرمچھ گھر کی چھتوں پر پہنچ گئے۔
مقامی میڈیا رپورٹس کے مطابق بھارت کی ریاست گجرات کے شہر وڈودرا طوفانی بارشوں کے بعد سیلاب کی زد میں ہے اس دوران گھر کی چھت پر مگرمچھ کو دیکھا گیا۔
وڈودرا کے کئی علاقوں میں مکانوں کی چھتوں پر، پارکنگ ایریاز میں اور باغیچوں میں مگرمچھوں کو چہل قدمی کرتے دیکھ کر لوگ خوفزدہ ہوگئے، شہر کی انتظامیہ نے فوری کارروائی کرتے ہوئے لوگوں کی مدد سے ان مگر مچھوں کو پکڑا تاکہ دوبارہ دریا میں ڈالا جا سکے۔
واضح رہے کہ بھارت کی ریاست گجرات میں سیلاب کی وجہ سے 28 افراد ہلاک اور ہزاروں بے گھر ہوئے ہیں جبکہ وڈودرا کے کئی نشیبی علاقے سیلاب کی زد میں آگئے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق نیشنل ڈیزاسٹر رسپانس فورس (این ڈی آر ایف) کے حکام نے وڈودرا میں گھروں اور چھتوں پر پھنسے لوگوں کو ریسکیو کیا، ریاستی وزیر رشیکیش پٹیل کے مطابق بدھ کے روز شہر سے 5000 سے زائد لوگوں کو ریسکیو کیا گیا ہے۔
وزیر اعلیٰ بھوپیندر پٹیل نے حکام کو ہدایت کی ہے وہ وڈودرا میں جراثیم کش سپرے کریں اور شہر میں امدادی کارروائیوں کو تیز کیا جائے۔