کراچی: (ویب ڈیسک) پاکستان میں ایک شخص نے اپنی بیٹی کے تحفظ کیلئے اس کے سر پر سی سی ٹی وی کیمرہ نصب کروا دیا ہے، جس کے ذریعے بیٹی کی مسلسل نگرانی کی جاتی ہے۔
لڑکی نے بتایا کہ میرے والد نے میرے سر پر سی سی ٹی وی کیمرہ لگوا دیا ہے تاکہ جب بھی میں گھر سے باہر جاؤں تو میرے والد مجھ پر نظر رکھ سکیں اور اگر کوئی حملہ یا حادثہ ہوتا ہے تو فوری طور پر انہیں اس کی اطلاع مل سکے۔
مذکورہ لڑکی کی ویڈیو ان دنوں سوشل میڈیا پر خوب وائرل ہورہی ہے، ویڈیو میں لڑکی کا کہنا تھا کہ ’میں کہاں ہوں؟ کدھر جارہی ہوں؟ میرے والد صاحب کو ہر چیز معلوم ہوتی ہے، میں نے میرے والد کو منع نہیں کیا، انہوں نے میری سیکیورٹی کیلئے ایسا کیا‘۔
لڑکی کا مزید کہنا تھا کہ ’آپ کو معلوم ہوگا کہ کراچی میں جو واقعہ (کارساز حادثہ) پیش آیا ہے جس میں ایک امیر زادی ایک باپ بیٹی کو مار کر چلی گئی، ایسا کوئی واقعہ میرے ساتھ پیش آگیا تو وہ ثبوت کہاں ڈھونڈتے پھریں گے، اس لیے میرے والدین نے یہ کیمرہ لگایا ہے‘۔