سونے کے زیورات کی اب اے ٹی ایم کے ذریعے فروخت ممکن

Published On 23 April,2025 02:18 pm

شنگھائی: (ویب ڈیسک ) اب سونے کے زیورات اے ٹی ایم مشین کے ذریعے فروخت کئے جا سکیں گے۔

چین کے شہر شنگھائی کے ایک مال نےایسی اے ٹی ایم مشین متعارف کرائی ہے جو بغیر کسی کاغذی کارروائی کے صارفین کو صرف 30 منٹ کے اندر سونے کے زیورات بیچنے اور اس کی قیمت وصول کرنے کی سہولت فراہم کرتی ہے۔

اس سمارٹ گولڈ اے ٹی ایم مشین کو چین کے کنگ ہڈ گروپ نے سونے کی اشیاء کے مکمل تجزیے کے بعد اُنہیں پگھلا کر ان کی مناسب قیمت لگانے اور پھر اس رقم کو براہِ راست سونے کی اشیاء بیچنے والے کے بینک اکاؤنٹ میں منتقل کرنے کیلئے ڈیزائن کیا ہے۔

یہ مشین 3 گرام سے زیادہ وزنی کم از کم 50 فیصد خالص سونے کی اشیاء کو قبول کرتی ہے، اس مشین نے بہت بڑی تعداد میں شنگھائی کے عوام کو اپنی طرف متوجہ کر لیا ہے۔

مقامی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق عالمی مارکیٹ میں سونے کی قیمت میں اضافے کے بعد بہت سارے صارفین اپنے سونے کے زیورات اس اے ٹی ایم مشین کے ذریعے بیچنے کے منتظر ہیں۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ اس گولڈ اے ٹی ایم مشین کو استعمال کرنے کیلئے مئی تک تمام اپائنٹمنٹس بک ہو چُکے ہیں جس سے اس کی زیادہ ڈیمانڈ صاف ظاہر ہے۔