جونیاو: (ویب ڈیسک) امریکی ریاست الاسکا میں قطبی رات کا آغاز ہوگیا جس کی وجہ سے وہاں 64 دن تک سورج غروب رہے گا۔
الاسکا کی سب سے شمالی بستی اتقیاگوِک میں آخری سورج غروب ہو چکا ہے اور آرکٹک سرکل میں قطبی رات (پولو نائٹ) اس کے آغاز کے باعث یہ شہر اب 22 جنوری 2026 تک سورج کو دوبارہ نہیں دیکھ پائے گا۔
زمین کے محور کے جھکاؤ کی وجہ سے اتقیاگوِک میں اگلے 64 دنوں تک سورج افق سے اوپر نہیں اٹھے گا تاہم الاسکا کی یہ بستی مکمل تاریکی میں نہیں ڈوبے گی اور یہ چند گھنٹوں تک "سِوِل ٹوائلائٹ" کا تجربہ کرے گی جو کہ ایک ہلکی نیلی روشنی ہوتی ہے۔
اتقیاگوِک فیئر بینکس سے تقریباً پانچ سو میل شمال مغرب میں واقع ہے اور یہاں تقریباً 4400 افراد رہتے ہیں، اس علاقے میں آثار قدیمہ کے مقامات 500 عیسوی تک پرانے ہیں۔
سورج کی روشنی اور دن کے وقت کی حرارت کے بغیر قطبی رات کے دوران آرکٹک سرکل میں درجہ حرارت بہت تیزی سے گر جاتا ہے، قطبی رات کا یہ رجحان پولر ورٹیکس کی تشکیل میں بھی کردار ادا کرتا ہے جو زمین کے اسٹراٹوسفیئر میں انتہائی ٹھنڈی ہوا پر مشتمل کم دباؤ کا علاقہ ہے۔
سورج کی روشنی کے بغیر یہ خطہ جو ٹراپوسفیئر (جہاں موسم بنتا ہے) کی تہہ کے اوپر ہے، شدید ٹھنڈا ہو جاتا ہے، اگرچہ کبھی کبھار آرکٹک ہوا اسٹراٹوسفیئر سے نیچے رس کر جنوبی علاقوں کی طرف بڑھنے کے قابل ہو جاتی ہے۔
موسم گرما میں 3 ماہ کا سورج
جہاں اتقیاگوِک کی سردیوں میں 60 سے زیادہ دن تاریکی ہوتی ہے وہیں گرمیوں میں یہ شہر تقریباً 3 ماہ تک مکمل سورج کی روشنی کا تجربہ کرتا ہے، گرم مہینوں میں اتقیاگوِک میں فٹ بال کے سیزن کے دوران امریکا کی سب سے شمالی فٹ بال ٹیم بھی ہوتی ہے جو بیرو ہائی سکول سے تعلق رکھتی ہے۔



