مرچوں کی تیزی جانچنے والی مصنوعی زبان تیار

Published On 27 November,2025 09:23 am

بیجنگ: (ویب ڈیسک) چینی سائنسدانوں نے ایک ایسی مصنوعی زبان تیار کر لی ہے جو کھانوں میں موجود مرچوں کی تیزی کو درست طور پر جانچ سکتی ہے۔

یہ جیل پر مبنی "چلی میٹر" نہ صرف ذائقہ چکھنے والوں کو جلن سے محفوظ رکھے گا بلکہ فوڈ انڈسٹری میں معیار اور مستقل مزاجی کو بہتر بنانے میں بھی اہم کردار ادا کرے گا۔

ایسٹ چائنا یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کے سائنس دانوں نے یہ نیا نظام دودھ کی مرچوں کی جلن کم کرنے کی فطری خاصیت سے متاثر ہو کر تیار کیا ہے، سائنسدانوں نے دودھ پاؤڈر، ایکریلک ایسڈ اور کولین کلورائڈ کو ملا کر ایک لچکدار اور نرم جیل کو تیار کیا جو انسانی زبان کی طرح مرچوں کی شدت جانچتا ہے۔

اے سی ایس سینسرز مین شائع ہونے والی تحقیق کے مطابق اس زبان کا میکنزم حقیقی دنیا کے مظہر سے متاثر ہوکر بنایا گیا ہے جس میں دودھ کے پروٹینز کیپسیچِن (مرکب جو مرچوں میں جلن کا احساس پیدا کرتا ہے) سے جڑ جاتے ہیں اور ان کی جلن کو کم کرتے ہیں۔

ماہرین کے مطابق یہ مصنوعی زبان مستقبل میں کھانے کی صنعت میں معیاری پیمائش اور بہتر کوالٹی کنٹرول کے لیے کارآمد ثابت ہوسکتی ہے۔