فوت شدہ ماں کا روپ دھار کر پنشن وصول کرنے والا شخص گرفتار

Published On 28 November,2025 08:44 am

روم: (ویب ڈیسک) شمالی اٹلی میں ایک حیران کن واقعہ سامنے آیا، جہاں 57 سالہ شخص نے اپنی 82 سالہ ماں’گرازیلا ڈال اوگلیو‘ کی موت چھپا کر ان کا روپ دھار کر پنشن حاصل کرنے کی کوشش کی۔

رپورٹس کے مطابق اس شخص نے شناختی کارڈ کی تجدید کیلئے میک اپ، وِگ اور اپنی ماں کے کپڑے پہن کر خود کو ان کی شکل میں پیش کیا، دفتر کے اہلکار نے درخواست میں کچھ غیر معمولی محسوس کیا اور حکام کو اطلاع دی۔

سی سی ٹی وی فوٹیج میں دیکھا گیا کہ شخص گاڑی چلاتے ہوئے دفتر پہنچا، جبکہ اس کی ماں کے پاس کبھی ڈرائیونگ لائسنس موجود نہیں تھا، پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے گھر کا جائزہ لیا اور وہاں سوئنگ بیگ میں لپٹی ماں کی ممی شدہ نعش دریافت کی۔

ابتدائی تحقیقات سے معلوم ہوا کہ ملزم نے نعش سے مائعات نکال کر سڑنے سے بچانے کی کوشش کی تھی، ملزم پر نعش چھپانے، ریاست کے ساتھ دھوکہ دہی، پہچان بدلنے کیلئے ہتھکنڈے استعمال کرنے اور سرکاری دستاویزات میں جعل سازی کے الزامات عائد کئے گئے ہیں۔

پولیس کے مطابق موت کی صحیح وجوہات معلوم کرنے کیلئے پوسٹ مارٹم کا حکم دیا گیا ہے، ملزم فی الحال مقامی جیل میں ہے اور پراسیکیوٹرز پوسٹ مارٹم کے نتائج کا انتظار کر رہے ہیں تاکہ ماں کی موت کی اصل وجوہات معلوم ہو سکیں۔

اٹلی میں ریاستی پنشن فراڈ ایک عام مسئلہ ہے، ملک میں موت کے اندراج اور عوامی خدمات کے ریکارڈ ہمیشہ ایک دوسرے کے ساتھ ہم آہنگ نہیں ہوتے، جس کی وجہ سے بعض اوقات فوتگی کی اطلاع برسوں تک نہیں دی جاتی، اس تاخیر کے نتیجے میں پنشن چیکس مسلسل جاری رہتے ہیں، یہاں تک کہ کوئی متعلقہ مقامی پینشن دفتر کو موت کی اطلاع فراہم کرے۔