دیوانی لڑکی نے محبت کے نام پر قتل ہونیوالے عاشق کی لاش سے شادی کر لی

Published On 01 December,2025 06:34 am

نئی دہلی: (ویب ڈیسک) بھارت کی ریاست مہاراشٹر میں ایک دیوانی لڑکی نے محبت کے نام پر قتل ہونے والے اپنے عاشق کی لاش سے شادی کر کے محبت کی انوکھی داستان رقم کر دی۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق انچل نامی لڑکی کے عاشق کا نام سکشم تھا، دونوں گزشتہ 3 سال سے ریلیشن میں تھے اور شادی کرنا چاہتے تھے لیکن انچل کے گھر والے اس رشتے کے خلاف تھے، محبت کرنے والے اس جوڑے کی زندگی اس وقت المناک موڑ پر پہنچی جب لڑکی کے گھر والوں نے رشتے کی مخالفت میں لڑکی کے عاشق کو بے دردی سے قتل کر ڈالا۔

لڑکی کے والد نے اپنے ایک ساتھی کے ہمراہ سکشم کے سر میں گولی مار کر قتل کیا جبکہ مقتول سکشم لڑکی کے بھائی کا دوست تھا اور حال ہی میں جیل سے رہا ہوا تھا، پولیس نے چند گھنٹوں میں ملزم اور اس کے ساتھی کو گرفتار کر لیا۔

تاہم اس سارے واقعے میں غیر معمولی موڑ اس وقت آیا جب انچل اپنی محبت کو امر کرنے کیلئے سکشم کے قتل کے بعد اس کے گھر پہنچی اور آخری رسومات سے کچھ دیر قبل اپنے ماتھے پر سندور لگا کر خود کو اس کی دلہن بنا لیا۔

پولیس کے مطابق قتل سے تقریباً 2 گھنٹے پہلے لڑکی کی ماں جے شری مرنے والے کے گھر گئی تھی اور اسے دھمکیاں دی تھیں، انچل نے میڈیا کو بتایا کہ میں 3 سال سے سکشم سے تعلق میں تھی اور میری فیملی اس رشتے کے خلاف تھی، اگرچہ سکشم اب اس دنیا میں نہیں رہا لیکن میں زندگی بھر اس کی بیوی رہوں گی۔

یہ واقعہ معاشرتی اور انسانی جذبے کی ایک انتہائی منفرد اور دردناک مثال ہے، ایک عورت نے اپنے جذبۂ محبت کو معاشرتی دباؤ، خاندانی مخالفت اور عمومی حقائق کی نفی کے باوجود ایسی صورتحال میں ثابت کیا جس نے تمام سماج کو جھنجوڑ کر رکھ دیا۔