ڈاکٹروں نے انوکھی سرجری کر کے خاتون کا کان پاؤں پر لگا دیا

Published On 14 December,2025 09:02 am

بیجنگ: (ویب ڈیسک) مشرقی چین کے شہر جینان میں ڈاکٹروں نے انوکھی سرجری کرتے ہوئے خاتون کا کان ان کے پیر پر لگا کر دنیا کو حیران کر دیا۔

برطانوی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق یہ ایک غیر روایتی طبی عمل تھا جس میں خاتون کا کٹا ہوا کان عارضی طور پر انہی کے پیر سے جوڑ دیا گیا۔

خاتون کی شناخت سن کے نام سے ہوئی جو تقریباً پانچ ماہ قبل ایک خوفناک حادثے کا شکار ہوئی تھیں، ان کے بال فیکٹری کی مشین میں پھنس گئے تھے، حادثے میں ان کی کھوپڑی اور گردن کی جلد پھٹ گئی جبکہ بایاں کان مکمل طور پر الگ ہوگیا تھا۔

خاتون کو فوری طور پر ہسپتال منتقل کیا گیا تھا تاہم ڈاکٹروں کا کہنا تھا کہ چوٹ کی شدت کی وجہ سے روایتی طور پر دوبارہ کان کو جوڑنے کا آپریشن ممکن نہیں۔

سرجری کرنے والی ٹیم کے سربراہ ڈاکٹر کیو شین کیانگ نے کہا کہ کان کے اردگرد خون کی نالیاں شدید طور پر متاثر ہو چکی تھیں، کان کو زندہ رکھنے کیلئے ایک نایاب مائیکرو سرجری تکنیک کا انتخاب کیا جسے ہیٹروٹوپک گرافٹنگ کہا جاتا ہے۔

ڈاکٹر کے مطابق اس میں کان کو عارضی طور پر خاتون کے دائیں پیر کے سامنے والے حصے سے جوڑ دیا گیا ہے جہاں پتلی جلد اور مطابقت رکھنے والی خون کی نالیاں خون کی گردش کو برقرار رکھنے میں مدد کر سکتی ہیں۔

یہ طریقہ کار مائیکرو سرجری میں استعمال ہوتا ہے لیکن کان کو دوبارہ جوڑے کیلئے شاذ و نادر ہی کیا جاتا ہے۔