تلنگانہ: (ویب ڈیسک) دنیا کے تمام جمہوری ملکوں میں ووٹ کے ذریعہ اپنے حکمرانوں یا نمائندوں کا انتخاب کیا جاتا ہے، تاہم ایک الیکشن ایسا بھی ہوا جس میں مُردہ امیدوار سب سے زیادہ ووٹ لے کر کامیاب ہوگیا۔
یہ دلچسپ الیکشن بھارت کی ریاست تلنگانہ میں ہوا، جہاں پنچائیت کے انتخابات کا نتیجہ سامنے آنے پر پتہ چلا کہ پولنگ سے 5 روز قبل انتقال کر جانے والا امیدوار ہی سب سے زیادہ ووٹ لے کر کامیاب ہوا ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق سب سے زیادہ ووٹ لینے والا امیدوار 23 سالہ مرلی پولنگ سے پانچ روز قبل دل کا دورہ پڑ جانے کے باعث انتقال کر گیا تھا، تاہم گزشتہ روز جب پولنگ کا عمل ختم ہونے پر ووٹوں کی گنتی کی گئی تو حیران کن طور پر متوفی مُرلی نے ہی سب سے زیادہ ووٹ حاصل کئے تھے۔
رپورٹ کے مطابق اس حیران کن نتیجے پر مقامی حکام بھی شش وپنج میں مبتلا ہوگئے جب کہ آر وی او نے نتائج روکتے ہوئے اعلیٰ حکام سے اس صورتحال میں رہنمائی طلب کر لی ہے۔



