بیجنگ: (ویب ڈیسک) چین میں ایک نیبرہوڈ کمیٹی کے ملازمین اپنے ساتھیوں کو کام سے غیر حاضری میں مدد دینے کے لیے فیشل ریکاگنیشن سسٹم کو دھوکا دینے کی کوشش کرتے ہوئے پکڑے گئے۔
چین کے مقامی میڈیا کے مطابق مشرقی چین کے شہر وینژو میں ادارے کے سیکرٹری نے انکشاف کیا کہ کمیٹی کے بعض ارکان چہرے کے ماسک استعمال کر کے فیشل ریکاگنیشن مشین کو چکما دے رہے تھے، اس طریقہ کار کے تحت گروپ کے ایک یا دو افراد دفتر آتے اور پورے گروپ کی حاضری لگاتے تھے۔
رپورٹ کے مطابق تاحال یہ معلوم نہیں ہو سکا کہ اس دھوکہ دہی میں کتنے افراد ملوث تھے یا چہرے کے ماسک کس طرح فیشل ریکاگنیشن سافٹ ویئر کو دھوکا دینے میں کامیاب ہو رہے تھے تاہم اس غیر قانونی عمل کا انکشاف فیشل اسکینر کے اوپر نصب سی سی ٹی وی کیمروں کی مدد سے کیا گیا جس کے بعد معاملہ سامنے آیا۔
واضح رہے کہ نیبرہوڈ کمیٹیاں چین میں انتظامی حکمرانی کی سب سے نچلی سطح کی اکائیاں ہوتی ہیں، ان کے ارکان سرکاری ملازمین نہیں ہوتے اور انہیں باقاعدہ تنخواہیں نہیں ملتیں تاہم وہ مختلف الاؤنسز حاصل کرتے ہیں، حکام کے مطابق اس دھوکہ دہی کے ذریعے ملزمان غیر قانونی طور پر مالی فوائد حاصل کر رہے تھے۔



