شفاف سر اور سبز آنکھوں والی نایاب مچھلی کی پہلی بار ویڈیو ریکارڈ

شفاف سر اور سبز آنکھوں والی نایاب مچھلی کی پہلی بار ویڈیو ریکارڈ

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق امریکی ریاست کیلیفورنیا کے ساحل کے قریب مونٹیری کینین سے تقریباً 55 میل دور بحرالکاہل میں ایک تحقیقی مہم کے دوران سائنس دانوں نے اس نایاب مچھلی کو دیکھا اور مسلسل 20 منٹ تک اس کی ویڈیو ریکارڈ کی۔

یہ مچھلی سمندر کی سطح سے تقریباً 1970 فٹ گہرائی میں موجود تھی، سائنسدانوں نے اسے تحقیقی جہاز ڈیوڈ پیکارڈ سے منسلک بغیر انسان کے زیرِ آب چلنے والی گاڑی ڈاکٹر رِکٹس کی مدد سے دریافت کیا۔

بیری آئی کے نام سے مشہور اس مچھلی کا سائنسی نام میکروپِنا مائیکروسٹوما ہے، اس کی لمبائی تقریباً 6 انچ ہوتی ہے اور یہ عموماً سمندر کی 2000 سے 2600 فٹ گہرائی میں رہتی ہے۔

اس مچھلی کی سب سے حیرت انگیز خصوصیت اس کا شفاف سر ہے، جس کے اندر موجود سبز آنکھیں باہر سے بھی واضح دکھائی دیتی ہیں، گہرے سمندر میں رہنے کے باعث اس نایاب مچھلی کا مشاہدہ انتہائی مشکل ہے۔

مونٹیری بے ایکویریم ریسرچ انسٹی ٹیوٹ کے سائنس دانوں کے مطابق گزشتہ 40 برسوں کے دوران وہ اس مچھلی کو صرف 10 مرتبہ دیکھنے میں کامیاب ہوئے تھے۔

تحقیقی مہم کے سربراہ سائنس دان سٹیون ہیڈاک کا کہنا ہے کہ ماضی میں جال کے ذریعے پکڑی جانے والی اس مچھلی کے نمونوں کی تصاویر میں اکثر اس کے سر پر موجود شفاف جھلی نظر نہیں آتی تھی، جس کے باعث اس کی اصل ساخت اور شناخت سمجھنے میں دشواری پیش آتی تھی۔

سائنس دانوں کے مطابق اس بار مچھلی کو اس کے قدرتی ماحول میں زندہ دیکھنا، اس کے شفاف سر اور اندر موجود سبز آنکھوں کا مشاہدہ کرنا اور ہائی ڈیفینیشن ویڈیو ریکارڈ کرنا سمندری تحقیق کے میدان میں ایک غیر معمولی کامیابی ہے۔