5300 برس قدیم انسانی باقیات سے گردے کی پتھری دریافت

5300 برس قدیم انسانی باقیات سے گردے کی پتھری دریافت

تحقیق کے مطابق یہ شخص ممکنہ طور پر پیشاب کی نالی کے دائمی انفیکشن اور اس سے پیدا ہونے والی پیچیدگیوں کا شکار تھا جس کے باعث اسے زندگی کے آخری برسوں میں مسلسل شدید درد کا سامنا رہا ہوگا۔

تحقیق کی مرکزی مصنفہ اور روس کی لومونوسوف ماسکو اسٹیٹ یونیورسٹی سے وابستہ ماہرِ بشریات نتالیہ بریزینا کے مطابق اس شخص کو دائمی انفیکشن کا سامنا تھا جو کوئی عارضی بیماری نہیں بلکہ طویل عرصے تک برقرار رہنے والی تکلیف تھی۔

محققین نے یہ دریافت جنوب مغربی روس کے علاقے اسٹاوروپول اپ لینڈ میں کانسی کے ابتدائی دور کے ایک قدیم مقبرے کی کھدائی کے دوران کی، یہ مقبرہ قدیم تدفینی روایت کے تحت مٹی کا بڑا ٹیلہ بنا کر تیار کیا گیا تھا جسے کرگن کہا جاتا ہے۔

کھدائی کے دوران ماہرین کو زیرِ زمین ایک قبر نما کمرہ ملا جہاں سے تقریباً 40 سالہ شخص کا ڈھانچا برآمد ہوا، اس کے کولہے کے قریب کوارٹز سے بنا تیر کا پھل بھی دریافت کیا گیا۔

ماہرین کے مطابق قبر سے ملنے والی پتھر جیسی چیز کی ساخت اور جسامت گردے یا مثانے کی پتھری سے مطابقت رکھتی ہے جو اس دور میں انسانی صحت اور بیماریوں کی تاریخ کا اہم ثبوت فراہم کرتی ہے۔