خلاصہ
- ٹوکیو: (دنیا نیوز) جاپان کے 90 سالہ باڈی بلڈر توشیسوکے کانازاوا نے بڑھتی عمر کے باوجود جسمانی طاقت اور فٹنس برقرار رکھ کر سب کو حیران کر دیا۔
بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق توشیسوکے کانازاوا نے حال ہی میں جاپان ماسٹرز باڈی بلڈنگ چیمپئن شپ میں 85 سال سے زائد عمر کے کھلاڑیوں کی کیٹیگری میں کامیابی حاصل کی، جس کے بعد ان کے قومی اعزازات کی تعداد 19 ہوگئی۔
رپورٹ کے مطابق وہ 30 اکتوبر کو اسپین کے شہر سانتا سوسانا میں منعقدہ آئی ایف بی بی ورلڈ فٹنس اینڈ باڈی بلڈنگ چیمپئن شپ میں بھی شریک ہوئے، جہاں انہیں اپنے سے کئی دہائیاں کم عمر کھلاڑیوں کا سامنا تھا، اگرچہ وہ پوڈیم پر جگہ بنانے میں کامیاب نہ ہوسکے، تاہم ان کی شرکت کو غیر معمولی کارکردگی قرار دیا گیا۔
توشیسوکے کانازاوا اپنی صحت اور جسمانی طاقت کا راز روایتی جاپانی غذا کو قرار دیتے ہیں، جسے انہوں نے تقریباً 50 سال کی عمر سے اپنانا شروع کیا۔ ان کی روزمرہ خوراک میں براؤن رائس، ناٹو، میسو سوپ اور کچے انڈے شامل ہیں۔
رپورٹ کے مطابق وہ پہلے روزانہ 6 پروٹین شیکس استعمال کرتے تھے، تاہم عمر بڑھنے کے ساتھ ان کی تعداد کم کرکے 3 کردی۔ اب وہ گوشت اور مچھلی کا استعمال بھی ترک کر چکے ہیں۔
جاپانی باڈی بلڈر نے زندگی میں کبھی سگریٹ یا شراب نوشی نہیں کی۔ وہ 90 سال کی عمر میں بھی باقاعدگی سے ورزش کرتے ہیں، تاہم اب اپنی جسمانی صلاحیت کے مطابق وزن اور حرکات کو کنٹرول کرنے کے لیے جم کی مشینوں کو ترجیح دیتے ہیں۔
ماہرین بھی بڑی عمر کے افراد کو اپنی صحت، جسمانی صلاحیت اور طبی حالات کے مطابق ورزش کرنے کا مشورہ دیتے ہیں۔ عالمی ادارۂ صحت کے مطابق 65 سال یا اس سے زائد عمر کے افراد کو ہفتے میں کم از کم دو دن پٹھوں کو مضبوط بنانے والی جسمانی سرگرمیوں میں حصہ لینا چاہیے۔