مالی کے صحارا صحرا سے 4.1 ارب سال قدیم شہابی پتھر دریافت

مالی کے صحارا صحرا سے 4.1 ارب سال قدیم شہابی پتھر دریافت

تقریباً 2 پاؤنڈ وزنی یہ پتھر 2022ء میں دریافت ہوا تھا، جسے مالی کے علاقے میں واقع نمک کے میدان کے نام پر ’تیغزہ 001‘ کا نام دیا گیا ہے۔

امریکی خلائی ادارے ناسا کی جیٹ پروپلشن لیبارٹری کے مطابق یہ زمین پر دریافت ہونے والے مریخ کے قدیم ترین شہابی پتھروں میں سے ایک ہے۔ اسے مریخ سے زمین پر آنے والے اب تک معلوم تقریباً 435 شہابی پتھروں کی فہرست میں شامل کرلیا گیا ہے۔

تحقیق کے مرکزی مصنف اور ناسا کے سائنس دان یانگ لیو کے مطابق ابتدائی طور پر اس پتھر کی غیر معمولی اہمیت کا اندازہ نہیں ہوسکا تھا، تاہم تفصیلی تجزیے سے اس میں کئی اہم معدنیات کی موجودگی کا انکشاف ہوا۔

سائنس دانوں کا کہنا ہے کہ پتھر میں پگھلی ہوئی چٹان سے بننے والی مختلف معدنیات موجود ہیں، جو اربوں سال قبل مریخ کی بیرونی سطح کی تشکیل اور اس کے ٹھنڈا ہونے کے عمل کو سمجھنے میں مدد دے سکتی ہیں۔

تحقیق کے دوسرے مصنف اور ناسا کے تحقیقی مرکز کے سائنس دان لی سیپر کے مطابق یہ مریخ کی ایسی سطح کا پہلا نمونہ ہے جس کا سائنس دانوں نے اس سے پہلے مطالعہ نہیں کیا۔

تحقیق کے دوران شہابی پتھر میں پانی اور چٹانوں کے باہمی تعلق کے شواہد بھی ملے ہیں، جبکہ اس میں مریخ کے اس دور کے ماحول کے آثار موجود ہونے کا امکان ہے جب وہاں سے پانی ختم ہو رہا تھا۔

ماہرین کے مطابق مریخ کی سطح پر طاقتور خلائی ٹکراؤ کے نتیجے میں چٹانوں کے ٹکڑے خلا میں بکھر جاتے ہیں، جن میں سے بعض طویل سفر طے کرکے زمین تک پہنچ جاتے ہیں۔

شہابی پتھر کا مریخ سے تعلق نیو میکسیکو یونیورسٹی کے محققین نے آکسیجن کے ہم جا اجزا کا تجزیہ کرکے ثابت کیا، جس کے بعد ناسا اور کیلیفورنیا انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنالوجی کے سائنس دان بھی تحقیق میں شامل ہوگئے۔

محققین نے ناخن سے بھی چھوٹے نمونے میں موجود انفرادی معدنی ذرات کی عمر معلوم کرنے کے لیے جدید سائنسی طریقہ استعمال کیا، جس کے باعث شہابی پتھر کا بیشتر حصہ آئندہ تحقیقات کے لیے محفوظ رکھنا ممکن ہوا۔

تحقیق کے مطابق تقریباً 4.1 ارب سال پہلے پانی نے اس چٹان کی ساخت میں تبدیلیاں پیدا کی تھیں، جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ یہ پتھر اس سے بھی پہلے وجود میں آچکا تھا۔

سائنس دانوں کے مطابق یہ نایاب دریافت مریخ کی ابتدائی تاریخ، وہاں پانی کی موجودگی اور اس کی سطح پر پانی کی نقل و حرکت سے متعلق اہم راز افشا کرنے میں مددگار ثابت ہوسکتی ہے۔