دلہن کی آمد سے پہلے کتے کی انٹری، مہمان قہقہے لگانے پر مجبور

دلہن کی آمد سے پہلے کتے کی انٹری، مہمان قہقہے لگانے پر مجبور

برطانیہ کی کاؤنٹی ہیمپشائر میں ایک شادی کی تقریب اس وقت دلچسپ صورت حال اختیار کرگئی جب دلہن کی آمد سے چند لمحے قبل ایک اجنبی کتا اچانک چرچ میں داخل ہوگیا اور تقریب میں موجود افراد کے چہروں پر مسکراہٹیں بکھیر دیں۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق ایمی اور سائمن کین 7 نومبر کو ایمانوئل ایسٹلی چرچ میں شادی کے بندھن میں بندھ رہے تھے، تقریب کے دوران جب 30 سالہ دلہن ایمی کی آمد کے لیے مخصوص موسیقی بجنا شروع ہوئی تو اسی دوران ایلی نامی سیاہ و سفید رنگ کا جیک رسل ٹیریئر کتا دوڑتا ہوا چرچ پہنچ گیا۔

دلہن اس وقت چرچ کے باہر موجود تھیں جبکہ ان کا پالتو کتا ڈوگی شادی کی تقریب میں انگوٹھیوں کی ذمہ داری ادا کر رہا تھا، اچانک آنے والے کتے ایلی نے پہلے ڈوگی کو سونگھا اور پھر چرچ کی راہداری میں دوڑتا ہوا آگے نکل گیا۔

31 سالہ دولہا سائمن کین نے واقعے کو یاد کرتے ہوئے بتایا کہ وہ بے چینی سے دلہن کی آمد کا انتظار کر رہے تھے اور انہیں توقع تھی کہ ایمی اپنی سہیلیوں کے ہمراہ چرچ میں داخل ہوں گی، تاہم اس کے بجائے ایک اجنبی کتا نمودار ہوگیا اور اس کا مالک بھی اس کے پیچھے پیچھے چرچ میں آگیا۔

نوبیاہتا جوڑے کے مطابق کتے کی اچانک آمد نے شادی کی تقریب کو مزید یادگار بنا دیا اور وہاں موجود مہمان اس غیر متوقع منظر پر ہنسنے لگے۔

شادی کی تقریب میں پیش آنے والے اس دلچسپ واقعے نے خوشگوار ماحول پیدا کردیا اور جوڑے کے لیے یہ لمحہ شادی کی یادگار یادوں میں شامل ہوگیا۔