سائبیریا کے 2800 سال قدیم مقبرے سے بھنگ کے ایک ہزار بیج دریافت

سائبیریا کے 2800 سال قدیم مقبرے سے بھنگ کے ایک ہزار بیج دریافت

یہ مقبرہ جنوبی سائبیریا کی جمہوریہ تووا میں واقع ہے اور اس کا تعلق سکیتھیائی تہذیب کی اہم شخصیات سے بتایا جاتا ہے۔

ڈاکٹر جینو کاسپاری کی قیادت میں تحقیق کرنے والی بین الاقوامی ٹیم نے دریافت ہونے والے بیجوں میں سے چھ کی ریڈیو کاربن ڈیٹنگ کی، جس کے نتیجے میں ان کی عمر کا تعین کیا گیا، تحقیق کے مطابق یہ بیج آٹھویں صدی قبل مسیح کے اوائل میں مقبرے میں رکھے گئے تھے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ قدیم معاشرے بھنگ کو مختلف مقاصد کے لیے استعمال کرتے تھے، جن میں ریشہ اور تیل حاصل کرنا بھی شامل تھا، تاہم حالیہ دریافت سے پہلی مرتبہ اس پودے کے نشہ آور استعمال کے حوالے سے براہِ راست آثارِ قدیمہ کے شواہد سامنے آئے ہیں۔

تحقیق کے دوران قدیم بیجوں کے تجزیے کے ساتھ انسانی بالوں میں محفوظ کیمیائی آثار کا بھی جائزہ لیا گیا، محققین کے مطابق اس دریافت سے اندازہ ہوتا ہے کہ بھنگ قدیم معاشروں کی تدفینی رسومات کا بھی حصہ تھی۔

ماہرین کا خیال ہے کہ یہ اہم دریافت ہزاروں سال قبل انسانی معاشرت، مذہبی و تدفینی رسومات اور نشہ آور پودوں کے استعمال کی تاریخ کو سمجھنے میں مددگار ثابت ہو سکتی ہے۔