خلاصہ
- اوہائیو: (ویب ڈیسک) امریکا میں مصنوعی ذہانت (اے آئی) سے تیار کردہ ایک جعلی تصویر نے ایسا خوف پھیلایا کہ شہریوں کو چڑیا گھر سے دو شیروں کے فرار ہونے کی اطلاعات ملنے لگیں، تاہم حقیقت سامنے آنے پر یہ سارا معاملہ محض ایک افواہ ثابت ہوا۔
امریکی ریاست اوہائیو کے شہر اکرون کے چڑیا گھر کی انتظامیہ نے سوشل میڈیا پر وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ افریقی شیروں کے فرار ہونے کی خبریں بے بنیاد ہیں اور چڑیا گھر کے چاروں شیر اپنے مخصوص احاطے میں مکمل طور پر محفوظ ہیں۔
سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی اے آئی سے تیار کردہ تصویر میں دو افریقی شیروں کو شہر کی ایک سڑک پر کوڑے دان کے قریب گھومتے دکھایا گیا تھا، جس کے بعد شہریوں میں تشویش پھیل گئی اور شیروں کے فرار ہونے کی خبریں گردش کرنے لگیں۔
چڑیا گھر انتظامیہ کے مطابق اس غلط فہمی کی ایک وجہ رواں ہفتے پولیس اور فائر فائٹرز کے ساتھ کی جانے والی حفاظتی مشقیں بھی بنیں۔
انتظامیہ نے بتایا کہ چڑیا گھر میں سالانہ کم از کم چار حفاظتی مشقیں کی جاتی ہیں، جن میں خطرناک جانوروں کے فرار ہونے کی فرضی صورتحال سے نمٹنے کی تربیت بھی شامل ہے۔
انتظامیہ نے شہریوں کو یقین دلایا کہ کسی شیر کے فرار ہونے کا واقعہ پیش نہیں آیا اور سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی تصویر مصنوعی ذہانت کی تخلیق ہے۔
یوں اے آئی کی ایک جعلی تصویر نے چند لمحوں میں پورے شہر میں شیروں کی تلاش کا ماحول بنا دیا، جبکہ حقیقت میں چاروں شیر اپنے گھر میں ہی موجود تھے۔