ایران کے بغیر خطے میں قیام امن ممکن نہیں، حسن روحانی

Published On 22 May 2017 10:41 PM 

ایرانی صدر حسن روحانی نے دوبارہ منتخب ہونے کے بعد اپنے پہلے خطاب میں امریکہ اور سعودی عرب کو آڑے ہاتھوں لیا۔ حسن روحانی کہتے ہیں کہ ایران کے بغیر خطے میں قیام امن ممکن نہیں، انسداد دہشتگردی کی آڑ میں قوم کا پیسہ عالمی طاقتوں کو دینے سے کوئی مسئلہ حل نہیں ہو گا۔

تہران: (دنیا نیوز) دوبارہ صدر منتخب ہونے کے بعد ایرانی صدر حسن روحانی نے اپنے پہلے خطاب میں امریکہ اور سعودی عرب پر خوب گرجے برسے۔ ریاض میں ہونے والی عالمی کانفرنس کا ذکر کرتے ہوئے ایرانی صدر نے کہا کہ انسداد دہشتگردی کی آڑ میں قوم کا پیسہ عالمی طاقتوں کو دینے سے کوئی مسئلہ حل نہیں ہو گا، نہ ہی امریکی عوام اربوں ڈالروں کے بدلے نائن الیون کو فراموش کر سکتی ہے۔ انہوں نے ایران کے بغیر خطے میں قیام امن کو نا ممکن قرار دے دیا۔ شام، عراق اور لبنان کی حمایت جاری رکھنے کا اعلان کرتے ہوئے ایرانی صدر نے کہا کہ امریکہ تیس سال سے ایران کی مخالفت کر رہا ہے اور ہمیشہ شکست کھائی ہے۔