لندن: (آن لائن) برطانیہ کے نائب وزیرِ اعظم ڈیمیئن گرین کو فحش مواد سے متعلق انکوائری کے بعد برطرف کر دیا گیا ہے۔
برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق انکوائری میں یہ بات ثابت ہو گئی ہے کہ 2008ء میں ان کے کمپیوٹر سے فحش مواد ملا تھا جس کے بعد انہوں نے غلط بیانات بھی جاری کرتے ہوئے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کی تھی۔ ڈیمیئن گرین دو ماہ کے عرصے میں برطانوی کابینہ سے مستعفی ہونے والے تیسرے وزیر ہیں۔ ان سے قبل مائیکل فیلن اور پریتی پٹیل گزشتہ ماہ نومبر میں مستعفی ہو گئے تھے۔
ڈیمیئن گرین پر صحافیوں اور مصنفہ کیٹ میٹلبی کے ساتھ برا رویہ رکھنے کے الزامات کی تحقیقات چل رہی تھیں۔ برطانوی وزیرِ اعظم نے تھریسامے نے ڈیمیئن گرین کی برطرفی پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کا کام اس سے کہیں کم تھا جس کی ایک وزیر سے امید ہوتی ہے۔ خیال رہے کہ ڈیمیئن گرین پہلے سیکریٹری سٹیٹ تھے اور اس کے فوراً بعد ہی نائب وزیراعظم بن گئے تھے۔