برطانوی وزیر تجارت کے مطابق معاہدوں سے سینکڑوں افراد کو روزگار ملے گا۔ چینی صدر کا کہنا ہے کہ صحت مند اور مستحکم ترقی کو فروغ دینا چاہتے ہیں۔
بیجنگ: (دنیا نیوز) برطانوی وزیراعظم تھریسامے کے دورہ چین کے آخری روز چین اور برطانیہ کے درمیان 13 ارب ڈالر سے زائد کے کاروباری و اقتصادی سمجھوتے طے پا گئے۔ برطانوی وزیر تجارت لائم فوکس نے کہا کہ ان سمجھوتوں کے طے پانے سے ظاہر ہوتا ہے کہ برطانوی اشیا اور سروسز کی عالمی سطح پر قدر موجود ہے۔ ان سمجھوتوں کی وجہ سے سینکڑوں افراد کو روزگار ملے گا۔ قبل ازیں چینی صدر شی جن پنگ نے تھریسامے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نئے دور میں چین برطانیہ کے ساتھ صحت مند اور مستحکم ترقی کو فروغ دینا چاہتا ہے۔ برطانوی وزیر اعظم نے کہا کہ بیلٹ اینڈ روڈ منصوبہ گہرے عالمی اثرات کا حامل ہے۔ برطانیہ اور چین دی بیلٹ اینڈ روڈ کے حوالے سے تعاون کریں گے۔ برطانیہ آزاد تجارت کا حامی ہے اور چین کے ساتھ حقیقی تعاون کرنا چاہتا ہے۔