لندن: (ویب ڈیسک) 500 کلوگرام وزنی ان بموں کو دوسری جنگِ عظیم میں نازی فوج کی جانب سے گرایا گیا تھا۔ سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو خالی کرا کے بموں کو ناکارہ بنا دیا۔
لندن کے مشہورِ زمانہ دریائے تھیمز کے قریب سے دوسری جنگِ عظم کے دوران گرائے گئے 500 کلوگرام وزن کے دو بموں کی برآمدگی کے بعد ائیرپورٹ سمیت اردگرد کے تمام علاقے سیل کر دیے گئے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق شہری انتظامیہ نے بموں کی برآمدگی کے فوری بعد ہائی الرٹ جاری کرتے ہوئے علاقے کو سیل کر دیا جبکہ ایئرپورٹ کو بھی تمام پروازوں کیلئے بند کر دیا گیا جس سے تقریباً 16 ہزار مسافروں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
دوسری جنگِ عظیم کے دوران لندن پر گرائے گئے ان بموں کو دریائے تھیمز کے قریب جورج وی ڈوک کے علاقے سے برآمد کیا گیا۔ بموں کی موجودگی کی اطلاع ملتے ہی سیکیورٹی فورسز اور امدادی ٹیمیں حرکت میں آئیں جنہوں نے علاقے کو خالی کروایا تا کہ کسی سانحے کی صورت میں انسانی جانوں کے ضیاع سے بچا جا سکے۔
دوسری جانب لندن ایئرپورٹ کی انتظامیہ نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ فلائٹ آپریشن بند ہونے سے 261 پروازیں متاثر ہوئیں جن کا رخ برطانیہ کے دوسرے ایئرپورٹ کی جانب موڑ دیا گیا۔