لاہور: (دنیا نیوز) انسانی حقوق کی عالمی تنظیم ایمنسٹی انٹرنیشنل نے کینیڈا کے وزیراعظم جسٹن ٹروڈو کو کھلا خط لکھا ہے جس میں انہیں مقبوضہ کشمیر میں پیلیٹ گن کا استعمال روکنے کے لئے بھارت پر زور دینے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔
پاکستان کے ہائی کمشنر طارق عظیم خان نے ایمنسٹی کے سیکرٹری جنرل ایلکس نیو سے ملاقات میں پیلیٹ گن کا معاملہ اٹھایا تھا۔ خط میں کہا گیا ہے کہ وزیراعظم ٹروڈو بھارتی ہم منصب نریندر مودی پر زور دیں کہ مقبوضہ کشمیر میں پیلیٹ گن کا استعمال روکا جائے، پیلیٹ گن کے غیر قانونی استعمال کی تفتیش کے لئے کمیشن بنایا جائے۔ بھارتی قابض فوج دو ہزار دس سے نہتے مظاہرین کے خلاف پیلیٹ گن استعمال کر رہی ہیں اور اب تک چھ ہزار دو سو اکیس افراد زخمی ہو چکے ہیں۔