امریکا کیلئے تجارتی جنگ جیتنا آسان ہو گا، ڈونلڈ ٹرمپ

Published On 02 Mar 2018 10:17 PM 

واشنگٹن: (ویب ڈیسک) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے سٹیل اور الومینیم کی درآمد پر ڈیوٹی بڑھانے کا اعلان کر دیا ہے، جواب میں روس اور چین سمیت دیگر ممالک نے بھی نئی حکمت عملی پر غور شروع کر دیا ہے۔

ڈونلڈ ٹرمپ نے گزشتہ روز سٹیل کی درآمد پر 25 فیصد جبکہ الومینیم کی درآمد پر 10 فیصد ڈیوٹی لگانے کا اعلان کیا تھا، آج انہوں نے اپنی ٹویٹ میں اس کو عملی جامہ پہنانے کی طرف اشارہ کر دیا ہے۔

سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر پر جاری اپنے پیغام میں ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ تجارتی جنگیں اچھی چیز ہیں، امریکا تجارت میں اربوں ڈالرز کا نقصان اٹھا رہا ہے، اس کے لئے تجارتی جنگ جیتنا آسان ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ تجارتی پالیسیوں نے امریکی سٹیل اور الومینیم انڈسٹری کو تباہ و برباد کر دیا، ہمیں کسی کو اپنے ملک، اپنی کمپنیوں اور اپنے ورکروں کا فائدہ نہیں اٹھانے دینا چاہیے۔

امریکا کی جانب سے سٹیل اور الومیینم پر درآمدی ڈیوٹی کے اعلان پر کئی ممالک نے ناراضی کا اظہار کیا ہے۔ کینیڈا، یورپی یونین، میکسیکو، چین اور برازیل نے جوابی اقدامات کے بارے میں غور شروع کر دیا ہے۔