مشرقی غوطہ میں لڑائی جاری، شامی فوج نے 10 فیصد علاقے پر قبضہ کر لیا

Published On 04 Mar 2018 06:34 PM 

دمشق: (دنیا نیوز) شامی فوج کی باغیوں کے خلاف لڑائی میں پیش قدمی، انسانی حقوق کے لئے کام کرنے والی تنظیم کا کہنا ہے مشرقی غوطہ کے دس فیصد حصہ کا کنٹرول حاصل کر لیا، 18 فروری سے جاری لڑائی میں 640 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔

شام کے دارالحکومت دمشق کے مشرق میں واقع قصبے غوطہ میں باغیوں کے خلاف لڑائی میں صدر بشارالاسد کی فوج کامیابی حاصل کر رہی ہے۔ انسانی حقوق کے لئے کام کرنے والی برطانوی تنظیم کا کہنا ہے سرکاری فوج نے دس فیصد حصے کا کنٹرول حاصل کرتے ہوئے قصبے الشیفونیہ پر قبضہ کر لیا ہے۔ یہ قصبہ باغیوں کا مضبوط گڑھ رہا ہے اور دارالحکومت کے نزدیک ترین واقع ہے۔

ایک باغی گروپ کے ترجمان نے ٹویٹر پر لکھا ہے کہ سرکاری فورسز نے الشیفونیہ کے نزدیکی علاقے الریحان پر چڑھائی کی،لیکن ابھی کامیابی نہیں ملی۔ ادھر اقوام متحدہ کے ادارے ڈبلیو ایچ او کا کہنا ہے چوراسی شدید زخمیوں کو فوری طوری پر نکالنے کی ضرورت ہے۔

دوسری جانب انسانی حقوق کی برطانوی تنظیم کا کہنا ہے اٹھارہ فروری کو شروع ہوئی لڑائی میں ایک سو پچاس بچوں سمیت چھ سو چالیس افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔