مقبوضہ وادی میں بھارتی ریاستی دہشتگردی کیخلاف ہڑتال، تعلیمی ادارے بند

Published On 05 Mar 2018 11:07 AM 

شوپیاں میں بھارتی فوج کی فائرنگ سے چھ کشمیری شہید ، کٹھ پتلی حکومت کی جانب سے احتجاج روکنے کیلئے اضافی نفری تعینات کر دی گئی

سری نگر (دنیا نیوز ) مقبوضہ وادی میں بھارتی ریاستی دہشتگردی کے خلاف آج مکمل ہڑتال ہے۔ شوپیاں میں گزشتہ روز بھارتی فوج کی فائرنگ سے چھ کشمیری شہید ہوئے۔ مقبوضہ کشمیر میں آج بھارتی فوج کے مظالم کے خلاف مکمل ہڑتال ہے۔ ہڑتال کی کال سید علی گیلانی، میر واعظ عمر فاروق، یاسین ملک سمیت حریت قیادت نے دی۔

وادی میں کاروبار، تعلیمی ادارے اور پبلک ٹرانسپورٹ بند ہے۔ کٹھ پتلی حکومت نے احتجاج کو روکنے کے لیے اضافی نفری تعینات کر دی۔ گزشتہ شام شوپیاں میں بھارتی فوج نے چھ کشمیریوں کو شہید کر دیا تھا۔ شہید ہونے والے نوجوانوں میں سہیل واگے، شاہد خان اور شاہ نواز واگے شامل ہیں۔ واقعہ کے بعد کشمیری عوام میں فورسز کے خلاف شدید غم و غصہ پایا جا رہا ہے۔