سیکیورٹی کی گارنٹی دی جائے تو جوہری ہتھیاروں کی ضرورت نہیں، شمالی کوریا

Published On 06 Mar 2018 05:43 PM 

پیانگ یانگ: (دنیا نیوز) شمالی کوریا کے رہنما کم جونگ اُن کو کہنا ہے کہ ان کو سیکیورٹی کی گارنٹی دی جائے تو جوہری ہتھیاروں کی ضرورت نہیں رہے گی۔ جنوبی کوریائی وفد سے ملاقات میں دونوں ملکوں کے سربراہوں کے درمیان ہاٹ لائن کے قیام کا فیصلہ کیا گیا۔

جزیرہ نما کوریا کے لیے امن کا پیغام، شمالی اور جنوبی کوریا کے درمیان قربتیں بڑھنے لگیں۔ کم جونگ اُن نے جنوبی کوریا کے خصوصی وفد سے تفصیلی ملاقات کی اور اہم امور پر تبادلہ خیال کیا۔

اس موقع پر شمالی کوریا کے سربراہ کا کہنا تھا کہ سیکیورٹی کی گارنٹی دی جائے تو جوہری ہتھیاروں کی ضرورت نہیں رہے گی۔ ملاقات میں دونوں ملکوں کے سربراہوں کے درمیان بروقت رابطے کو یقینی بنانے کے لیے ہاٹ لائن کے قیام پر اتفاق کیا گیا اور اگلے ماہ جامع مذاکرات کی تاریخ بھی طے پائی۔ کم جونگ اُن کے دورِ اقتدار میں دونوں ملکوں کے درمیان باضابطہ مذاکرات کی یہ پہلی کوشش ہے۔