عالمی سطح پر شمالی کوریا کی جانب سے تباہی پھیلانے والے ہتھیاروں کا کوئی بھی پروگرام برداشت نہیں ہوگا :ہیدر نورٹ
واشنگٹن (دنیا نیوز ) امریکا نے شمالی کوریا پر نئی پابندیوں کا اعلان کر دیا، اطلاق پانچ مارچ سے ہوگا، امریکی حکام کے مطابق شمالی کوریا نے کم جونگ ان کے سوتیلے بھائی کو قتل کرایا جس کے لیے زہریلی گیس استعمال کی گئی۔ امریکا نے شمالی کوریا پر نئی پابندیاں لگانے کا اعلان کر دیا۔ امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان ہیدر نورٹ نے کہا ہے کہ کیمیائی ہتھیاروں کے خلاف بین الاقوامی قواعد کی کھلی خلاف ورزی شمالی کوریا کے غیر محتاط انداز کو مزید عیاں کرتی ہے۔
شمالی کوریا کے بڑے پیمانے پر تباہی پھیلانے والے ہتھیاروں کا کوئی بھی پروگرام برداشت نہیں کر سکتے، نئی پابندیوں کا اطلاق پانچ مارچ سے ہو گا اور ان کی نوعیت بڑی حد تک علامتی ہو گی۔ امریکا نے پہلے ہی شمالی کوریا پر بڑے پیمانے پر معاشی پابندیاں عائد کر رکھی ہیں، ادھر امریکی حکام کے مطابق شمالی کوریا نے رہنما کم جونگ ان کے سوتیلے بھائی کو بھی قتل کرایا جس کے لیے زہریلی گیس استعمال کی گئی۔ کم جونگ نام 2017 میں ملیشیا کے شہر کوالالمپور کے ہوائی اڈے پر اس وقت ہلاک ہو گئے تھے جب دو عورتوں نے ان کے چہرے پر وی ایکس نرو ایجنٹ نامی زہر مل دیا تھا۔