'صدر ٹرمپ اور کم جونگ ان کی ملاقات میں مزید چند ہفتے لگ سکتے ہیں'

Published On 09 Mar 2018 08:40 PM 

لاہور: (دنیا نیوز) امریکی وزیر خارجہ کا کہنا ہے ملاقات کے لیے وقت اور جگہ کا تعین کرنا باقی ہے، چین اور روس نے فیصلے کا خیرمقدم کرتے ہوئے جلد از جلد ملاقات کو یقینی بنانے کا مشورہ دے دیا۔

 

 

صدر ٹرمپ اور کم جونگ ان کی ملاقات کے لیے مزید چند ہفتے درکار ہیں۔ امریکی وزیر خارجہ کہتے ہیں کہ جگہ اور وقت کا تعین کرنا باقی ہے، ملاقات میں چند ہفتے لگ سکتے ہیں۔ ریکس ٹیلرسن نے کہا کہ کم جونگ ان کی پیش کش پر پہلے یقین نہیں آیا، جنوبی کوریا کے نمائندوں سے بات ہوئی تو اندازہ ہوا کہ ان کے رویےمیں واضح تبدیلی آئی ہے اور وہ مذاکرات کے لیے سنجیدہ ہیں۔

دوسری جانب چین اور روس نے مذاکرات کے فیصلے کا خیر مقدم کرتے ہوئے ملاقات کو جلد از جلد یقینی بنانے پر زور دیا ہے۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ شمالی کوریا کے صدر کم جونگ ان سے ملاقات کے لیے رضامند ہو گئے ۔ جنوبی کوریا کا وفد شمالی کوریا کے صدر کم جونگ ان کا پیغام لے کر واشنگٹن پہنچا، جہاں جنوبی کوریا کے نیشنل سیکورٹی ایڈوائزر نے بریفنگ دی ۔

جنوبی کوریا کے وفد نےکم جونگ ان کاخط امریکی صدر کو پیش کیا ۔وفد نے کہا کہ شمالی کوریاکےسربراہ صدرٹرمپ سے ملاقات کے خواہشمند ہیں۔ جنوبی کوریا کے وفد نے کہا کہ خط صدر ٹرمپ کے لیے شمالی کوریا کا دعوت نامہ ہے ۔ وفد نے کہا کہ شمالی کوریا کے صدر خطے کو ایٹمی یتھیاروں سے پاک کرنا چاہتے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ کم جونگ ان میزائل تجربات بندکرنےکیلیے پُرعزم ہیں۔