سعودی خواتین کی جدہ کی سڑکوں پر جاگنگ

Published On 10 Mar 2018 06:21 PM 

جدہ: (ویب ڈیسک ) سعودی عرب میں نوجوان خواتین کے ایک گروپ نے خواتین کا عالمی دن اپنے خاص انداز سے منا کر سب کو حیران کردیا۔ تاریخی شہر البلد میں ٹریک سوٹ اور عبایا میں ملبوس خواتین جاگنگ کرنے سڑک پر نکل آئیں۔

جدہ شہر کے تاریخی علاقے البلد میں ٹریک سوٹ اور عبایا میں ملبوس خواتین نے جاگنگ کے انداز میں دوڑ لگائی۔ جدہ کے اس ایونٹ کے منتظم گروپ کی ایک رکن یاسمین حیسن کا کہنا تھا کہ اس جاگنگ پروگرام کا مقصد خواتین کو یہ پیغام پہنچانا تھا کہ آپ تنہا نہیں ہیں، ہم اپنے خوابوں کو مل کر یقینی بنائیں گے۔ سعودی عرب میں خواتین کو کھیلوں کے میدان میں حصہ لینے کی اجازت ملنے کے بعد خواتین نے اپنے اپنے پسندیدہ کھیلوں کی سرگرمیوں میں حصہ لینے کی تیاری شروع کردی ہے۔

سعودی وزیر تعلیم کی جانب سے جاری فیصلے کے مطابق نئے تعلیمی سال سے لڑکیوں کے اسکولوں میں جسمانی تربیت کے پروگرام کا بھی آغاز کر دیا جائے گا۔ ولی عہد محمد بن سلمان کے وژن 2023 کے تحت سعودی عرب میں انقلابی تبدیلیاں لائی جا رہی ہے جس میں خواتین کے روایتی کردار کے برعکس ملازمت کرنے، ڈرائیونگ کرنے اور کھیلوں کی سرگرمیوں میں حصہ لینے کی اجازت دی گئی ہے۔