دمشق: (دنیا نیوز) شام کے دارالحکومت دمشق کے مضافات میں واقع مشرقی غوطہ میں فوج کی بمباری جاری ہے۔ باغیوں کے زیرِ قبضہ علاقے کو فوج نے تین حصوں میں تقسیم کر دیا ہے، گزشتہ ماہ کی اٹھارہ تاریخ سے جاری حملوں میں 219 بچوں سمیت گیارہ سو افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔
شام کی فوج نے دارالحکومت دمشق کے مشرق میں واقع غوطہ سے باغیوں کو نکالنے کے لیے جاری آپریشن میں قابل ذکر کامیابی حاصل کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ غوطہ کے نصف حصے کا کنٹرول فوج نے سنبھال لیا ہے۔ حکومتی فورسز نے وسطی علاقے مصرابا پر کنٹرول حاصل کر لیا ہے۔
انسانی حقوق کے لئے کام کرنے والی برطانوی تنظیم نے تصدیق کی ہے کہ شامی فورسز نے غوطہ کے سب سے بڑے شہر دوما کے راستے منقطع کر دیئے ہیں۔ فورسز نے موثر پیش قدمی کرتے ہوئے علاقے کو تین حصوں میں تقسیم کر دیا ہے۔
دوسری جانب برطانوی انسانی حقوق کی تنظیم نے کہا ہے کہ اٹھارہ فروری جاری کارروائی میں گیارہ سو افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔