کابل: (دنیا نیوز) افغان فوج میں بھگوڑوں کی تعداد میں دن بدن اضافہ، امریکی ادارے کی رپورٹ میں انکشاف، سیکیورٹی اہلکاروں کے شدت پسندوں سے ملنے کے باعث گزشتہ ایک سال میں افغان فورسز کی تعداد میں گیارہ فیصد کمی دیکھنے میں آئی۔
امریکی فوج کو افغانستان میں ایک اور مشکل صورتحال کا سامنا، ایک طرف شدت پسندوں کے حملوں میں اضافہ تو دوسری جانب افغان فوج کے اہلکار نوکری چھوڑ کر جنگجوؤں سے ملنے لگے۔ امریکی ادارہ سپیشل انسپکٹر جنرل فار افغانستان ری کنسٹرکشن کی رپورٹ کے مطابق افغان سیکیورٹی اہلکاروں کی تعداد میں روز بہ روز کمی ہو رہی ہے۔
گزشتہ ایک سال میں سیکیورٹی اہلکاروں کی تعداد میں 11 فیصد کمی دیکھنے میں آئی۔ رپورٹ میں انکشاف ہوا کہ افغان نیشنل آرمی، ائیر فورس اور پولیس کے پاس کل ملا کر صرف 2 لاکھ 96 ہزار 400 اہلکار رہ گئے ہیں۔ سیکیورٹی اہلکاروں کی کمی کے باعث طالبان اور داعش کے خلاف لڑائی میں افغان فورسز کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔