واشنگٹن: (دنیا نیوز) امریکا کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ پر ایک اور تہلکہ خیز کتاب جلد سامنے آ رہی ہے جس میں انکشاف کیا گیا ہے کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی دماغی صلاحیت آہستہ آہستہ کم ہو رہی ہے،یہ کتاب 14 اگست کو مارکیٹ میں دستیاب ہو گی۔
امریکا کے متنازع صدر پر ایک اور کتاب لکھی گئی ہے جس میں تہلکہ خیز انکشافات کئے گئے ہیں، صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی سابق اسسٹنٹ اوماروسا مینیگولٹ نیومین نے اپنی کتاب Unhinged: An Insider s Account of the Trump White House میں لکھا ہے کہ انکی ذہنی صلاحیت کم ہو رہی ہے اور اس حقیقت سے انکار نہیں کیا جا سکتا۔
اوماروسا کی کتاب کے چند حصے ایک برطانوی اخبار نے شائع کئے ہیں، وہ لکھتی ہیں اس بات کا احساس انہیں صدر ٹرمپ کے صحافی ہوپ ہکس کو مئی میں انٹرویو کے دوران ہوا، اوماروسا نے لکھا ہے کہ یہ انٹرویو انہوں نے اوپر والے پریس روم میں دیکھا اور بہت غور سے دیکھا، صدر ٹرمپ اپنی ہی باتوں کی تردید کرتے رہے، انکے جملے بے ترتیب اور بے معنی تھے۔ اوماروسا کو گزشتہ برس 13 دسمبر کو ڈونلڈ ٹرمپ کے چیف آف سٹاف جان کیلی سے جھگڑے کے بعد ملازمت سے نکالا کیا گیا تھا۔