واشنگٹن (دنیا نیوز ) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ ایرانی صدر پر برس پڑے، ٹوئیٹ کی، حسن روحانی امریکا کو دوبارہ کبھی بھی دھمکی دینے کی صورت میں تاریخی نتائج کے لیے تیار رہیں۔
امریکی اور ایرانی صدور میں لفظی جنگ شروع ہوگئی، حسن روحانی کے بیان کے بعد امریکی صدر میدان میں آگئے۔ ٹوئیٹ میں ایرانی صدر کو مخاطب کرتے ہوئے لکھا کہ آئندہ کبھی بھی امریکا کو دھمکی نہ دیں یا ایسے نتائج بھگتنے کے لیے تیاررہیں جن کا تاریخ میں کبھی کسی نے سامنا نہ کیا ہو۔ ہمارا ملک اب ایسا نہیں کہ ایران کے پاگل پن، تشدد اور دھمکیوں سے ڈرے، ایران محتاط رہے۔
گزشتہ روز ایرانی صدر نے بیان دیا تھا کہ شیر کی دم کے ساتھ کھیلنا امریکا کو مہنگا پڑ سکتا ہے، امریکا تہران مخالف پالیسیوں سے باز رہے، امریکا اس حالت میں نہیں ہے کہ ایرانی عوام کو سکیورٹی اداروں اورقومی مفادات کے خلاف کرسکے۔۔ ایرانی صدر نے ٹرمپ کی تیل کے معاملے پر دھمکی کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ تہران کی پوزیشن خلیج فارس اور آبنائے ہرمز میں مستحکم ہے۔