نئی دہلی(نیٹ نیوز) بھارت یوں تو توہم پرستی اور شخصیت پرستی کے حوالے سے مشہور ہے لیکن اس حوالے سے اب بھارتی شہری آئے روز مزید آگے بڑھتے جارہے ہیں ، کھلاڑیوں، فنکاروں کے مندروں کے قیام کے بعد اب بھارتی غیر ملکی سیاستدانوں کو بھی پوجنے لگے ہیں۔
بھارت میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی باقاعدہ پوجا شروع ہوگئی ہے، تلنگانہ ریاست کے علاقے کونے میں 31 سالہ شخص بوسا کرشنا تین سال سے ڈونلڈ ٹرمپ کی تصویر سامنے رکھے اس کی پوجا کر رہا ہے ۔
ٹرمپ کی تصویر کو پھولوں کی مالا پہنائے، خوبصورت فریم میں سجا کر اس کے آگے اگر بتی جلائی جاتی ہیں، کرشنا کا کہنا ہے کہ اس کے دوست اور رشتہ دار بھی ٹرمپ کی پوجا بالکل اسی طرح کرتے ہیں جیسے دوسرے ہندو اپنے بھگوان کی کرتے ہیں۔ کرشنا کا ارادہ ہے کہ وہ ڈونلڈ ٹرمپ کا مندر بنا کر اس کی پوجا کو مزید فروغ دینے کیلئے کردار ادا کرے گا۔