سری نگر :دو افراد کی شہادت کیخلاف آج وادی میں ہڑتال

Last Updated On 12 October,2018 10:43 am

سرینگر(روزنامہ دنیا )مقبوضہ کشمیرمیں بھارتی فوج نے ریاستی دہشت گردی کی تازہ کارروائی کے دوران پی ایچ ڈی سکالر منان بشیر وانی سمیت 2افراد کو شہید کر دیا ۔واقعہ کے خلاف وادی میں ہنگامے پھوٹ پڑے ۔فورسز کے ساتھ جھڑپوں میں متعدد افراد زخمی ہو گئے ۔

مشترکہ حریت قیادت کی کال پر آج مکمل ہڑتال کی جائیگی ۔تفصیلات کے مطابق بھارتی فورسز نے ہندواڑہ کے علاقے شٹ گنڈ میں گھر گھر تلاشی اور محاصرے کی کارروائی کے دوران پی ایچ ڈی سکالر ڈاکٹر منان بشیر وانی کو شہید کر دیا ۔علی گڑھ مسلم یونیورسٹی سے اپلائیڈ جیالوجی میں پی ایچ ڈی 26سالہ ریسرچ سکالر ڈاکٹر منان وانی رواں سال سولہ جولائی کواس وقت منظر عام پر آئے جب انہوں نے ایک کھلے خط کے ذریعے جموں وکشمیر پر بھارت کے غیر قانونی تسلط کو چیلنج کیا ۔

انہوں نے انڈین کونسل آف ایجوکیشن ریسرچ اینڈٹریننگ کی درسی کتاب کا حوالہ دیتے ہوئے ثابت کیاتھا کہ بھارت ایک دہشت گرد ملک ہے کیونکہ کتاب میں اپنے مطالبات منوانے کیلئے شہریوں پرطاقت کے وحشیانہ استعمال کرنے والے ہی کو دہشت گردقراردیاگیا تھا اور بھارت کشمیر میں یہی کچھ کر رہا ہے ۔بھارتی فوج کے بڑھتے مظالم دیکھ کر منان وانی نے قلم چھوڑ کر بندوق اٹھائی تھی۔ بھارتی ظلم کے خلاف آواز اٹھانے پر انہو ں بے پناہ مقبولیت پائی ۔منان وانی کی سوشل میڈیا پر اے کے 47 رائفل کے ساتھ وائرل ہونے والی مجاہد کے روپ میں تصویر نے پوری دنیا میں دھوم مچائی تھی ۔

ڈاکٹر منان کو گزشتہ سال بھوپال میں ہونے والی بین الاقوامی کانفرنس میں بہترین مقابلہ کے لئے اعزاز سے نوازا گیا تھا۔ ڈاکٹر منان وانی کی نماز جنازہ میں ہزاروں افراد نے شرکت کی ۔مجاہدین کے ایک گروپ نے نماز جنازہ کے موقع پر ہوائی فائرنگ کر کے انہیں سلامی دی۔واقعہ کے خلا ف وادی میں ہنگامے پھوٹ پڑے ۔ہندواڑہ میں لو گ سڑکوں پر آ گئے ۔ بھارتی فورسز نے مظاہرین کو منتشر کرنے کے لئے گولیوں ، پیلٹ گنز اور آنسو گیس کا بے دریغ استعمال کیا ۔فورسز کے ساتھ جھڑپو ں میں متعدد نوجوان زخمی ہو گئے ۔ سری نگر میں بھارتی ریاستی دہشت گردی کیخلاف ہزاروں طلبا،سول سو سائٹی اور تاجروں نے احتجاجی مظاہرہ کیا اور بھارت کے خلاف نعرے بازی کی ۔

دوسری جانب بھارتی شہر جالندھر میں زیر تعلیم چار کشمیری طالبعلوں کو کالج ہاسٹل پر چھاپہ مار کر گرفتار کرلیا گیا ۔مزید برآں بھارت کے مرکزی وزیر دفاع نرملا سیتا رمن نے اعتراف کیا ہے کہ کشمیری نوجوانوں کی جہادی صفوں میں شمولیت بڑا چیلنج ہے۔ دریں اثنا سیدعلی گیلانی ، میر واعظ عمر فاروق اور محمد یاسین ملک پر مشتمل مشترکہ حریت قیاد ت نے پی ایچ ڈی سکالر ڈاکٹر منان بشیر وانی اور ایک اور نوجوان کی شہادت پر آ ج مکمل ہڑتال کی کال دی ہے ۔ادھر شوپیاں میں حریت کارکن طارق احمد کو فائرنگ کر کے شہید کردیا گیا۔