اسلام آباد: (دنیا نیوز) بھارت جارحیت سے باز نہ آیا، ایک بار پھر ورکنگ باؤنڈری پر سیالکوٹ کے گاؤں سکھیال پر فائرنگ کر دی، بھارتی فائرنگ سے ایک شہری شدید زخمی ہوگیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق بھارتی فوج نے ایک بار پھر ہٹ دھرمی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ورکنگ باؤنڈری پر سول آبادی کو نشانہ بنایا ہے۔ فائرنگ سے کھیتی باڑی میں مصروف شہری محمد حنیف زخمی ہوگیا، زخمی شہری کو سی ایم ایچ سیالکوٹ منتقل کردیا گیا ہے۔
بھارتی فوج کی جانب سے فائرنگ واقعہ کے بعد پاکستان رینجرز نے فلیگ میٹنگ کا مطالبہ کردیا۔ فلیگ میٹنگ کا مقصد سیز فائر کیخلاف ورزیوں اور عام شہریوں کو نشانہ بنانے پر احتجاج ریکارڈ کروانا ہے۔