لاہور: (دنیا نیوز) بھارت نے نومنتخب وزیراعظم عمران خان کی خیر سگالی کی پیش کش کے باوجود حلف برد اری تقریب کے موقع پر کنٹرول لائن پر بلا اشتعال فائرنگ اور گولہ باری شروع کر دی جس کی زد میں آ کر ایک 65 سالہ پاکستانی شہری شہید ہو گیا۔ پاک فوج نے بھرپور جوابی کارروائی کرتے ہوئے کئی بھارتی چوکیاں تباہ کر دیں۔
بھارت نے اپنی روایتی ہٹ دھرمی کا مظاہرہ کرتے ہوئے سرحدی علاقے میں ایک بار پھر آگ اور خون کا کھیل شروع کر دیا۔ بھارتی فوج نے کنٹرول لائن کے ڈنہ سیکٹر میں بلااشتعال فائرنگ اور گولہ باری شروع کر دی اور شہری آبادی کو نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں ایک 65 سالہ بزرگ شہری شہید ہو گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق پاک فوج نے بھرپور جوابی کارروائی کرتے ہوئے بھارتی چوکیوں کو نشانہ بنایا اور کئی مورچے تباہ کر دئیے۔ یاد رہے وزیراعظم عمران خان نے انتخابات 2018 جیتنے کے بعد جو پہلی تقریر کی تھی اس میں تمام ہمسائیوں خصوصا بھارت کو دوستانہ تعلقات کی کھلے دل سے پیش کش کی تھی جس کی بھارت کے سیاسی و سماجی حلقوں میں بڑی پذیرائی بھی ہوئی تاہم بھارت نے تمام اخلاقی اقدار بالائے طاق رکھتے ہوئے وزیراعظم عمران خان کی حلف برداری تقریب کے موقع پر کنٹرول لائن پر گولہ باری کر کے نہ صرف پاکستانی شہری کا خون بہایا بلکہ کئی شہریوں کے گھر بار بھی تباہ کر دیئے۔