اسلام آباد: (دنیا نیوز) ترجمان دفترِ خارجہ نے آئندہ حکومت کی ممکنہ پالیسیوں کے حوالے سے گول مول جوابات دیتے ہوئے کہا ہے کہ نئی حکومت آنے پر علی جہانگیر سمیت تمام نان کیرئیر سفیر مستعفی تصور ہوں گے۔
ڈاکٹر محمد فیصل نے ہفتہ وار بریفنگ کے دوران مختلف سوالات کے جواب میں بتایا کہ آئی ایم ایف کے پاس جانے کا فی الحال کوئی فیصلہ نہیں ہوا، نئی حکومت آنے پر علی جہانگیر سمیت تمام نان کیرئیر سفیر مستعفی تصور ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ ایون فیلڈ پراپرٹی کی ضبطگی کے حوالے سے نیب ہی کچھ بتا سکتا ہے۔
دفتر خارجہ کے ترجمان ڈاکٹر محمد فیصل نے کہا ہے کہ بھارت اپنی ریاستی دہشت گردی کو چھپانے کےلئے صحافیوں کو مقبوضہ کشمیر جانے سے روک رہا ہے۔ پاکستان نے عالمی برداری کی توجہ بھارت کی جانب سے مقبوضہ کشمیر میں آبادی کا تناسب تبدیل کرنے کی کوشش کی جانب مبذول کرائی ہے جس کا مقصد مستقبل میں کسی بھی قسم کی استصواب رائے کے نتائج کو تبدیل کرنا ہے۔
ڈاکٹر محمد فیصل نے کہا کہ بھارت کی بڑھتی ہوئی ریاستی دہشت گردی کے باوجود کشمیر ی عوام نے مقبوضہ وادی میں بھارت کی جانب سے آرٹیکل 35 اے کی منسوخی کی کوششوں کے خلاف مکمل ہڑتال کی جو کشمیریوں کی مستقل رہائشی حیثیت کو ختم کرنے کی ایک کوشش ہے۔
انہوں نے کہا کہ بھارتی فوج نے اس سال کنٹرول لائن اور ورکنگ باؤنڈری پر 10400 سے زائد جنگ بندی کی خلاف ورزی کی جس کے نتیجے میں 30 شہری شہید جبکہ 121 زخمی ہوئے۔
ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ پاکستان افغانستان میں امن واستحکام کے لئے تمام ممکن کوشش کرنے کے لئے تیار ہے۔ پاکستان پرامن ہمسائیگی پر یقین رکھتا ہے اور افغانستان میں امن کا خواہاں ہے۔
پاکستان اور روس کے بڑھتے ہوئے تعلقات کا حوالہ دیتے ہوئے ڈاکٹر محمد فیصل نے کہا کہ دونوں ملک باہمی احترام، مشترکہ مفادات اور اہم علاقائی اور عالمی معاملات پر ایک جیسے خیالات رکھنے کی بنیاد پر مضبوط شراکت داری قائم کرنے میں کامیاب ہو گئے ہیں۔