نئی دہلی: (ویب ڈیسک) سابق کرکٹر اور بھارتی پنجاب کے وزیر نوجوت سنگھ سدھو نے پلوامہ حملے کا الزام پاکستان پر لگانے سے گریز کیا تو بھارتی انتہا پسند ان پر چڑھ دوڑے اور کپل شرما شو کے بائیکاٹ کا مطالبہ کردیا اس حوالے سے ایک ٹوئٹر ٹرینڈ بھی بن چکا ہے۔
سابق بھارتی کرکٹر اور کانگریس کے رہنما نوجوت سنگھ سدھو نے پلوامہ حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ جس نے بھی یہ کیا ہے اسے سزا ملنی چاہیے۔ بھارتی میڈیا کی الزام پاکستان کے سر تھوپنے کی کوشش پر یہ بھی واضح کر دیا کہ دہشتگردی کا کوئی مذہب اور ملک نہیں ہوتا۔
بھارتی میڈیا نے پاکستان کا نام لینے پر اصرار کیا تو سدھو نے جواب دیا کہ اس سے آگے کچھ کہنا ضروری ہے کیا؟ بھارتی میڈیا نے سدھو کو وزیراعظم عمران خان کا دوست قرار دے کر سخت تنقید بھی کی۔اس سے قبل بھی کئی پر بھارتی میڈیا کی طرف سے نوجوت سنگھ سدھو پر تنقید کی گئی اور کہا گیا کہ وہ پاکستان کے حق میں بیان دیتے ہیں۔ یہاں تک کہ بھارت میں انتہا پسند تنظیم نےپاکستان کی تعریف کرنے پر اپنے ہی وزیر نوجوت سنگھ سدھو کے سر کی قیمت مقرر کر دی تھی۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز کشمیر کے ضلع پلوامہ کےعلاقے آونتی پورہ میں خود کش حملہ کیا گیا جو بارود سے بھری کار کے ذریعے کیا گیا جس میں بھارتی فوج کے 44 اہلکار ہلاک ہو گئے تھے۔ آئی جی سی آر پی ایف ذوالفقار حسن کا کہناتھا کہ 70 گاڑیوں پر مشتمل قافلے کو نشانہ بنایا گیا جس میں 2 گاڑیاں دھماکے کی زد میں آئیں، قافلے میں مجموعی طور پر 2500 اہلکار شامل تے ۔