لاہور: (دنیا نیوز) کرونا وائرس نے دنیا بھر سے 9 ہزارسے زائد افراد کو موت کے گھاٹ اتار دیا۔ دولاکھ پچیس ہزار 237 افراد متاثر ہوئے۔ سب سے زیادہ اموات ایران میں ہوئیں جہاں ایک سو انچاس افرادوائرس کی وجہ سے زندگی کی بازی ہار گئے جبکہ روس میں مہلک بیماری سے ایک خاتون زندگی کی بازی ہار گئی۔
تفصیلات کے مطابق جان لیوا کرونا نے 176ممالک میں تباہی مچادی۔ ایران میں مزید 149 اموات کی تصدیق ہو گئی۔ وائرس سے مرنے والوں کی تعداد 1ہزار284 ہوگئی، 18ہزار407افرادمتاثرہوئے۔
ترجمان ایرانی وزارت صحت کا کہنا ہے کہ ایران میں ہر 10 منٹ کے بعد کرونا سے ہلاکت ہو رہی ہے، 0ایران میں ہر گھنٹے بعد 50 افراد کرونا کا شکار ہو رہے ہیں۔
یورپ میں 4 ہزار 134 جبکہ ایشیا میں وائرس سے 3 ہزار 416 افراد چل بسے ،یورپ میں 24 گھنٹوں کے دوران 712 ہلاکتیں رپورٹ ہوئیں، اب تک 90 ہزار 293 افراد کرونا سے متاثرہوچکے ہیں۔
سپین میں کرونا وائرس سے 24 گھنٹوں کے دوران 129 ہلاکتیں ہوئیں، رپورٹ ہونے کے بعد مرنے والوں کی کل تعداد767 ہوگئی۔ وائرس سے مزید 2 ہزار 378 افراد متاثر ہوئے، کل تعداد 17 ہزار 147 ہوگئی۔
گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران چین میں 8، جنوبی کوریا اور بلجیم میں 7، انڈونیشیا میں 6 اورامریکا میں 5 ہلاکتیں ہوئیں۔ جرمنی،جاپان اور سوئٹزرلینڈ میں 3،3، الجیریا،بلغاریہ، ارجنٹینا، کروشیا، میکسیکو، روس اور یونان میں 1،1 اموات ہوئیں۔