لاہور: (دنیا نیوز) بھارت کو چین کے سامنے بڑی ناکامی کا سامنا کرنا پڑا، کرنل سمیت 20 فوجی چینی فوجیوں کے ہاتھوں مارے گئے، بھارتی میڈیا تلما اٹھا، مودی سرکار کی پالیسیوں پر کڑی تنقید شروع کر دی۔
بھارت کو چین کی سرحدی حدود میں گھسنا مہنگا پڑ گیا، لداخ میں کرنل سمیت 20 بھارتی فوجی جان سے گئے، چین نے مداخلت کرنے والے فوجیوں کو مار بھگایا۔ جھڑپوں میں 135 بھارتی فوجی زخمی بھی ہوئے جبکہ 45 بھارتی فوجی لاپتہ بھی ہیں۔
بھارتی فوج کو مار پڑی تو وہی نریندر مودی جو کشمیر کے معاملے پر سب کی آنکھوں کا تارا تھے، کڑی تنقید کی زد میں آ گئے۔ بھارت کی ناکام خارجہ پالیسی پر نامور صحافی نیروپما سبرامینیم نے سوالات اٹھا دیئے۔
انہوں نے ٹویٹ کیا کہ کنٹرول لائن پر پاکستان سے محاذ آرائی، لائن آف ایکچوئل کنٹرول پر چین سے لڑائی، نیپال سے کشیدگی، بنگلہ دیش ناراض اور افغان مذاکرات کی میز سے بھارت کی بے دخلی، بھارت اس حالت تک کیسے پہنچ گیا۔
سوشل میڈیا پر بھی بھارت کو سبکی کا سامنا ہے، ٹوئٹر صارفین نے بھارت کی احمقانہ حرکت پر مودی سرکار کو خوب تنقید کا نشانہ بنایا، لداخ بارڈر ویکیسٹ (کمزور ترین) پی ایم مودی، گلوان ویلی کے ہیش ٹیگ ٹرینڈ کرتے رہے۔