بیروت دھماکے کی شفاف تحقیقات ہونی چاہیے، سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ

Last Updated On 11 August,2020 11:06 am

نیویارک: (دنیا نیوز) اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل نے کہا ہے کہ بیروت دھماکے کی شفاف تحقیقات ہونی چاہیے، عوام کاغصہ جائز ہے ان کی آواز سنی جانی چاہیے۔

انتونیوگوتریس کا کہنا تھا کہ لبنانی عوام کی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے اصلاحات ناگزیر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ لبنان کے ساتھ کھڑا ہو کر ہرممکن مدد فراہم کرے گا۔ یہ یکجہتی کا لمحہ ہے اور وقت آ گیا ہے حالات کو بہتربنائیں۔ یو این سیکریٹری جنرل نے کہا کہ وہ لبنان کےعوام کے لیے بین الاقوامی تعاون کا مطالبہ کرتے ہیں۔

واضح رہے کہ لبنان کے دارالحکومت بیروت میں ہونے والے دھماکوں کے بعد ملک بھر میں شدید احتجاج جاری ہے، گزشتہ روز لبنانی وزیراعظم حسن دیاب نے وزرا سمیت استعفے صدر میشال عون کو پیش کر دیئے تھے۔

گزشتہ منگل بیروت کی بندرگاہ پر تباہ کن دھماکوں سے دارالحکومت کا بیشتر حصہ تباہ ہو گیا ہے۔ دھماکوں کے نتیجے میں 220 سے زائد افراد ہلاک ہوئے جبکہ چھ ہزار کے قریب زخمی ہیں۔ ملک کو پندرہ ارب ڈالر سے زیادہ کا نقصان ہو چکا ہے۔