امریکا دوسری جنگ عظیم کے بعد بدترین مالیاتی خسارے کا شکار

Published On 09 October,2020 10:12 pm

نیو یارک: (دنیا نیوز) امریکا دوسری جنگ عظیم کے بعد بد ترین مالیاتی خسارے کا شکار ہوگیا۔ مالی سال 2020ء میں امریکا کا کل مالیاتی خسارہ تین ٹریلین ڈالر سے تجاوز کر گیا، امریکا کے بیرونی قرضے بھی جی ڈی پی سے زیادہ ہوگئے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق الیکشن سے قبل ٹرمپ کے لیے ایک اور دھچکا، امریکا تاریخ کے بد ترین مالیاتی خسارے کا شکار ہو گیا۔ مالی سال 2020 میں امریکا کا کل مالیاتی خسارہ 3130 ارب ڈالر سے بھی تجاوز کر گیا جو کل جی ڈی پی کا 15.2 فیصد بنتا ہے۔

اس دوران امریکی کے بیرونی قرضے بھی دوسری جنگ عظیم کے بعد بلند ترین سطح پر پہنچ گئے۔ واشنگٹن کے بیرونی قرضے جی ڈی پی کے 102 فیصد سے بھی زیادہ ہو گئے جبکہ آخری بار 1946ء میں بیرونی قرضے جی ڈی پی سے تجاوز کر گئے تھے۔

معاشی ماہرین کے مطابق ٹرمپ انتظامیہ کورونا پر قابو پانے میں ناکام رہی تو آنے والے دنوں میں کئی امریکی اداروں کو بجٹ کی کمی کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔
 

Advertisement