واشنگٹن: (دنیا نیوز) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ وہ اب بہتر محسوس کر رہے ہیں، انہوں نے اپنی صحت کو خدا کی کرم نوازی قرار دیا۔ دفتر میں مختلف بریفنگز بھی لیں۔
امریکی صدر کے معالج شان کونلی نے کہا ہے کہ صدر نے گزشتہ چار دنوں میں بخار کی شکایت نہیں کی۔ صدر ٹرمپ میں گزشتہ 24 گھنٹوں سے بھی زیادہ عرصے کے دوران کوویڈ 19 کی کوئی علامت ظاہر نہیں ہوئی۔ ڈاکٹر کا مزید کہنا تھا کہ صدر ٹرمپ کو جمعے کے روز ہسپتال داخل ہونے کے بعد سے اضافی آکسیجن کی ضرورت بھی نہیں پڑی۔ صدر ٹرمپ کو پیر کے روز ہسپتال سے ڈسچارج کیا گیا تھا۔
دوسری جانب ریپبلکن صدارتی امیدوار جوبائیڈن نے گزشتہ روز کورونا سے متاثر ٹرمپ کے ساتھ مباحثے کو صحت مند ہونے سے مشروط کر دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر ٹرمپ اب بھی کورونا میں مبتلا ہیں تو ان کے ساتھ دوسرا مباحثہ نہیں کروں گا اور میرے خیال میں انہیں اب بھی کورونا ہے، اس لیے ہمیں مزید مباحثہ نہیں رکھنا چاہیے۔
امریکی نائب صدر مائیک پنس اور اپوزیشن کی صدارتی امیدوار کاملا ہیرس کے مابین پہلا مباحثہ ہوا ہے جس میں دونوں جانب سے امریکی عوام کو مطمئن کرنے کی بھرپور کوشش کی گئی۔