واشنگٹن: (دنیا نیوز) ڈیموکریٹک صدارتی امیدوار جوبائیڈن نے کہا ہے کہ اگر صدر ٹرمپ کورونا وائرس سے متاثر رہتے ہیں تو اگلے ہفتے صدارتی مباحثہ نہیں ہونا چاہیے۔ ادھر وائٹ ہاؤس میں مہلک وائرس پھیلنے کا سلسلہ جاری ہے۔ صدر کے مشیر اسٹیفن ملر میں بھی وائرس کی تصدیق ہو گئی۔ چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف جنرل مارک ملی بھی قرنطینہ میں چلے گئے ہیں۔
امریکا کی اعلی قیادت کورونا وائرس کی لپیٹ میں، ڈیموکریٹک صدارتی امیدوار جو بائیڈن نے کہا ہے کہ اگر صدر ٹرمپ کوروناوائرس سے متاثر رہتے ہیں تو اگلے ہفتے کا صدارتی مباحثہ نہیں ہونا چاہیے۔ ان کا کہنا تھا بہت سارے لوگ وائرس سے متاثر ہو چکے ہیں، اب احتیاطی تدابیر پر سختی سے عمل کرنا ہو گا کیونکہ یہ ایک سنگین مسئلہ ہے۔
صدر ٹرمپ کے اردگرد کے لوگ مسلسل مہلک وائرس سے متاثر ہو رہے ہیں۔ صدر کے مشیر اسٹیفن ملر میں بھی وائرس کی تصدیق ہو گئی۔ امریکی کوسٹ گارڈ کے ایڈمرل چارلس رے کا ٹیسٹ بھی مثبت آیا۔ چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف جنرل مارک ملی بھی قرنطینہ میں چلے گئے، دیگر اعلی فوجی قیادت بھی قرنطینہ میں ہے۔
ایڈمرل چارلس نے گزشتہ ہفتے سروس چیفس کے ساتھ میٹنگ میں شرکت کی تھی۔ امریکی فوج کی اعلیٰ قیادت قرنطینہ میں رہتے ہوئے گھر سے کام جاری رکھے گی۔